Publish Date : 2017-07-23

بے رنگ پیوند پر ایک تبصرہ

دیدبان شمارہ پنجم 

"بے رنگ پیوند" پر ایک تبصرہ 
از سبین علی 

سلمی جیلانی کے افسانوں کا پہلا مجموعہ بے رنگ پیوند کے نام سے انہماک پبلیکیشنز نے شائع کیا ہے. اس مجموعے میں افسانوں کے علاوہ مختصر کہانیاں مائیکرو و نینو فکشن بھی شامل کیے گئے ہیں. 
سلمی جیلانی اپنے ادبی سفر کے آغاز سے ہی اپنے الگ اسلوب اور منفرد موضوعات کی بدولت ادبی حلقوں میں اپنی پہچان بنا چکی تھیں. ان کے افسانے کئی مستند ادبی جرائد کی زینے بننے کے بعد اس کتاب میں یکجا کیے گئے ہیں .
بے رنگ پیوند کے افسانوں میں ڈایا سپورا مسائل،  مارکیٹ اکانومی اور  دنیا کی مختلف اقوام کے باہمی تفاعل سے سامنے آنے والے مسائل کو نمایاں کیا گیا ہے. بے رنگ پیوند میں نسلی  اور جلد کی رنگت کی بنا پر تعصب کو ایک الگ ہی زاویے سے دکھایا گیا ہے. چاند چھونے کی خواہش میں بیرون ملک تعلیمی ویزوں پر پہنچنے والی نوجوان نسل کے گھمبیر مسائل کا بیان بہت عمدگی سے کیا گیا ہے. لی شوئی کی گلیوں نامی  افسانے میں لی شوئی میں کوڑا چگنے والی عورت کی صرف کہانی نہیں بلکہ دردمند اور حساس اذہان کے لیے بہت عمدہ پیغام بھی ہے اگر انسان کچرے کی ری سائیکلینگ کر سکتا ہے تو کچرے پر پھینکے گئے معصوم بچوں کو کیوں اچھے انسان کے طور پر پروان نہیں چڑھا سکتا.
تاریک راہوں میں خانہ جنگی اور اندرونی خلفشار  کا شکار ممالک میں سرگرم انسانی اسمگلروں کا ایسا بھیانک چہرہ دکھایا گیا ہے کہ انسانیت شرمسار ہے. 
انکا کہانی،  مچھلیوں کا تہوار افسانے حقیقی واقعات کے پس منظر میں فنکارانہ چابک دستی کے ساتھ لکھے گئے ہیں. 
مجموعی طور جائزہ لیں تو  سلمی کے افسانے  روایتی  ادب سے بالکل مختلف موضوعات پر ایک بڑے فریم میں گلوبلائزیشن اور معاشی ہجرتوں کے  پس منظر میں لکھے گئے ہیں. ان کے مائیکروفکشن بھی مارکیٹ اکانومی برانڈ کلچر اور گلوبلائزیشن کے اثرات کو ظاہر کرتے ہیں.  ان کے تانیثی افسانے بھی اسٹیریو ٹائپ  لاؤڈ بیانیے سے ہٹ عورت کو اس کا مقام وقار کے ساتھ دلانے کے کی جدوجہد کے عکاس ہیں.جن میں "امرہ کی پہچان" جیسے افسانے شامل ہیں.  
امید ہے آنے والے دنوں میں سلمی جیلانی  کے افسانے  اپنے منفرد اسلوب، عصری و مسائل کے بیان اور منفرد موضوعات کی بنا پر  اردو ادب میں  ایک الگ پہچان اور مقام بنا سکیں گے.



Category : Criticism
Author : سبین علی

DEEDBAN

Deedban Publications | N-103 Jamia Nagar New Delhi | Tel: +(91)-9599396218 | Email: deedban.adab@gmail.com
The copyright to all contents of this site is held by the authors of this site. Any kind of reproduction would be an infringement.